تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے محمد عامر اور بابر اعظم کے تنازع پر خود فاسٹ بولر سے گفتگو کی ہے۔ مقامی اخبار روزنامہ جنگ کے مطابق ایک نجی چینل پر گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے بتایا ہے کہ میں نے محمد عامر کو اس حوالے سے میسج کیا تھا۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ اگر کوئی کھلاڑی پرفارم کررہا ہو یا نہ کر رہا ہو میری عادت ہے اس سے بات کرنے کی، میں نے محمد عامر کو میسج کیا تھا، عامر کو میں نے عزت بھی دی اور ڈانٹا بھی۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ میں نے عامر سے کہا کہ کیا چاہ رہے ہو، اتنی آپ نے عزت کمائی ہے، آپ پر ایک دھبہ لگا ہوا تھا جس سے آپ واپس آئے ہو،
آپ دوبارہ کرکٹ میں آئے ہو اور دوبارہ زندہ ہوئے ہو۔سابق کپتان نے کہا کہ آپ کرنا کیا چاہ رہے ہو، یہ کوئی طریقہ نہیں ہے، جونیر لڑکے آپ کے سامنے کھیل رہے ہیں اور آپ غلط الفاظ استعمال کرر ہے ہو۔
سابق سٹار آل راؤنڈر نے کہا کہ اگر آپ نے پاکستان کے لیے کھیلنا ہے تو آپ کو بابر اعظم کے ساتھ ہی کھیلنا ہوگا، کیا آپ کل ان کے ساتھ آنکھیں ملا پاؤ گے،
کیا اس کی کپتانی میں کھیل پاؤ گے۔شاہد آفریدی نے بتایا کہ دوران گفتگو عامر نے اپنی غلطی مانی اور معذرت کی اور میرا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے یہ بات نوٹس کی۔
شاہد آفریدی نے مزید کہا کہ امید کرتا ہوں عامر اگلے میچوں میں آپ لوگوں کو بہتر سے بہتر نظر آئے گا۔ شاہد آفریدی نے محمد عامر کو خود پر کنٹرول رکھنے اور اپنی کارکردگی پر توجہ دینے کا مشورہ بھی دیا۔
یاد رہے کہ پی ایس ایل 8 سے قبل محمد عامر نے کہا تھا کہ میرے لیے بابر اعظم اور ٹیل اینڈر کو بولنگ کروانا ایک جیسا ہے۔ محمد عامر نے کہا تھا کہ میرا کسی سے کوئی مقابلہ نہیں ہے، میرے لیے بابر بھی ویسا ہی ہے جیسے ٹیل اینڈر کھیل رہا ہو، میرا کام ہے ٹیم کو وکٹیں لے کر دینا۔