تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) کو انگلینڈ کے خلاف راولپنڈی میں کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ میچ میں بے جان پِچ بنانے پر کافی تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، ایسے میں سابق کپتان شاہد آفریدی بھی پچز کے حوالے سے چیئرمین پی سی بی کے بیان پر برس پڑے ہیں۔
راولپنڈی میں جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کے اختتام پر انگلینڈ نے 4 وکٹ پر506 رنزبنا کر 112 سالہ ریکارڈ بھی توڑا، اس سے قبل 1910 میں آسٹریلیا نے جنوبی افریقا کے خلاف پہلے دن 494 رنز بنائے تھے۔
تاہم چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے پنڈی سٹیڈیم کی بے جان وکٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کی پچ میرے لیے باعث شرمندگی ہے۔ جمعہ کو برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے
رمیز راجہ نے اعتراف کیا تھا کہ بدقسمتی سے میں ٹیسٹ میچ کی پچ کے حوالے سے مسئلے کا حل نہیں نکال سکا، اس پچ سے مجھے کافی مایوسی ہوئی۔
انہوں نے کہا یہی وجہ ہے کہ میں پاکستان میں ڈراپ ِان پچز پر زور دے رہا ہوں، ملتان اور کراچی میں بھی اسی طرح کی ہی پچز ملیں گی، جہاں ہمیں اچھا باؤنس نہیں ملتا،
مجھے سمجھ نہیں آرہا کہ ہم کیسی پچز بنارہے ہیں۔ بعد ازاں سابق کپتان شاہد آفریدی راولپنڈی کی پچ کے حوالے سے چیئر مین پی سی بی رمیز راجہ کا بیان سن کر حیران رہ گئے۔
نجی ٹی وی چینل پر گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے فاسٹ بولرز کے لیے سازگار راولپنڈی اسٹیڈیم کی روایتی پچ کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے کی کوشش کرنے پر چیئرمین پی سی بی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں سن کر حیران رہ گیا ہوں کہ رمیز راجہ نے کہا کہ ہم بولرز کے لیے سازگار پچز نہیں بنا سکتے، اتنے عرصے سے پاکستان میں انٹرنیشنل میچز ہو رہے ہیں لیکن ہم ایسی باتیں کر رہے ہیں۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ راولپنڈی کی پچ ہمیشہ سے فاسٹ بولرز کے لیے سازگار ہوتی ہے، پی سی بی نے پچ کے ساتھ چھیڑ چھاڑکیوں کی؟ ہمیں اب یہ ٹیسٹ ہارنے کا خوف ہے اور
ہم جیتنا بھی چاہتے ہیں لیکن ہمیں تکنیک معلوم ہی نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں نے بہت سے ڈومیسٹک میچز کھیلے ہیں پر پنڈی کی ایسی پچ کبھی بھی نہیں دیکھی۔